بنگلورو، 2؍نومبر (ایس او نیوز) ریاستی کونسل کے چیئرمین بسواراج ہوارٹی نے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو ایک مکتوب روانہ کر کے مطالبہ کیا ہے کہ رواں ماہ نومبر کے اواخر ہفتہ یا پھر آئندہ ماہ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہونے والا ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس بنگلورو کے ودھان سودھا کے بجائے بیلگاوی کے سورنا سودھا میں ہی منعقد کیا جانا بہتر رہے گا۔
وزیر اعلیٰ کے نام روانہ کردہ مکتوب میں ریاستی کونسل کے چئیر مین نے واضح کیا ہے کہ 5 ؍ جنوری 2022 کو ریاستی کونسل کے 25 ممبران کی میعاد ختم ہونے جارہی ہے۔ ان ممبران کو سورنا سودھا میں منعقد ہونے والے اسمبلی اجلاس میں شرکت کا موقع ملنا ضروری ہے۔ ان اراکین کو نسل کے علاوہ مہاراشٹرا۔ کرناٹک علاقہ کے اراکین کو اپنے علاقہ کے مسائل پیش کر کے انہیں حل کروانے میں بھی آسانی ہوگی۔ ہر حال میں سرمائی اجلاس بیلگاوی ہی میں منعقد کرنے کی گزارش کی ہے۔